افغان عوام کے لئے ہندوستان کی طبی امداد
ہندوستان نے افغانستان میں چیلنجنگ انسانی صورت حال کے پیش نظر ہفتے کو طبی سامان کی ایک کھیپ کابل کام ایئر طیارے سے بھیجی ہے۔
طبی سامان کی کھیپ کام ایئر کے، اس خصوصی طیارے کے ذریعے بھیجی گئی ہے، جس سے جمعہ کو دس ہندوستانی اور چورانوے افغانی نئی دہلی پہنچے تھے ۔ نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ دوائیں کابل میں عالمی ادارہ صحت ڈبلیوایچ او کے نمائندوں کو سونپی جائیں گی اور اس شہر کے اندرا گاندھی چلڈرن اسپتال میں تقسیم کی جائیں گی۔
ہندوستانی حکومت کی مدد سے جمعہ کو دس ہندوستانی اور افغان اقلیتی برادری کے اراکین سمیت چورانوے افغان باشندوں کو کام ایئر کے خصوصی طیارے کے ذریعے نئی دہلی پہنچایا گیا۔
آپریشن دیوی شکتی کے تحت اب تک کل چھے سو انہتر افراد کو افغانستان سے نکالا گیا ہے۔ ان میں چار سو اڑتالیس ہندوستانی اور افغان ہندو/سکھ اقلیتی برادری کے اراکین سمیت دو سو چھے افغانی شامل ہیں۔