Dec ۱۷, ۲۰۲۱ ۱۶:۵۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی لوک سبھا میں ہنگامہ، اجلاس کی کارروائی پیر تک کے لئے ملتوی

ہندوستان میں وزیر مملکت برائے داخلہ امور کے استعفے کو لے کر جمعے کو بھی پارلیمنٹ میں شدید ہنگامہ ہوا اور پھر اجلاس کی کارروائی پیر تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔

ہندوستان میں کانگریس سمیت حزب اختلاف کی کئی جماعتوں کے اراکین نے جمعے کو لوک سبھا میں وزیر مملکت برائے داخلہ امور اجئے کمار مشرا کے استعفے کے مطالبے کے سلسلے میں شدید ہنگامہ کیا، جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی پہلے دوپہر  تک اور پھر پیر تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے جیسے ہی وقفہ سوالات شروع کیا، تو حزب اختلاف کے کئی اراکین وزیر مملکت برائے داخلہ امور اجئے مشرا کے استعفے کے مطالبے کے سلسلے میں ہنگامہ کرتے ہوئےایوان کے وسط میں آگئے اور ہنگامہ کے درمیان اسپیکر نے وقفہ سوالات چلانے کی کوشش کی۔
ہندوستان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ وقفہ سوالات بہت اہم ہوتا ہے اس لیے تمام اراکین اپنی اپنی جگہ پر جائیں اور ایوان کو چلانے میں تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ نعرے لگانے اور تختیاں لہرانے کی نئی روایت کی شروعات ہو رہی ہے، یہ درست نہیں ہے۔ اس دوران اجے مشرا کے استعفے کے مطالبے پر ہنگامہ بڑھنے لگا اور ایوان کی کارروائی آخر کار پیر تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔

واضح رہے کہ ہندوستان کے وزیر مملکت برائے داخلہ امور کے بیٹے پر گاڑیوں سے دھرنے پر بیٹھے کسانوں کو کچلنے کا الزام ہے جبکہ حال ہی میں خود وزیر مملکت نے بھی نامہ نگاروں کی توہین اور ان کے ساتھ گالی گلوچ کی ہے۔

 

ٹیگس