Dec ۱۸, ۲۰۲۱ ۱۸:۱۵ Asia/Tehran
  • افغانستان کے حالات پر وسطی ایشیا کے ممالک کا اجلاس

ہندوستان میں افغانستان کے حالات کا جائزہ لینے کے لئے وسطی ایشیاء کے ممالک کا اجلاس ہو رہا ہے۔

ہندوستان کی میزبانی میں ہونے والے اس اجلاس میں ترکمانستان، قازقستان، تاجیکستان، کرغیزستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے ہیں۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ آج ہفتہ سے، ہم تین دن تک وسطی ایشیا کے پانچ ممالک کے وزرائے خارجہ کی میزبانی کریں گے، اور اس اجلاس کے شرکاء، افغانستان کے حالات سمیت رکن ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات اور مواصلات و تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی راہوں پر غور و خوض کریں گے۔

ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان اروندم باغچی کے مطابق ہندوستان اور وسطی ایشیا کے ممالک کے سالانہ اجلاس کا انعقاد باہمی تعاون کو فروغ دینے ، باہمی اعتماد کو بحال کرنے اور ایک دوسرے کو سمجھنے میں دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔

بھارت-وسطی ایشیا ڈائیلاگ کا انعقاد خطے کے تمام ممالک کے وسیع تر تعامل، اعتماد اور باہمی افہام و تفہیم میں دلچسپی کی علامت ہے۔

طالبان کے برسراقتدار آنے کے بعد افغانستان میں ہونے والی حالیہ پیش رفت وسطی ایشیا کے ان ممالک کے لیے خاص اہمیت کی حامل ہے جن میں تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں کہ جن کی سرحدیں افغانستان سے ملتی ہیں۔ اس سے قبل نومبر کے مہینے میں ترکمانستان، قازقستان، تاجکستان، کرغیزستان اور ازبکستان کے قومی سلامتی کے مشیروں نے افغانستان کے بارے میں ہندوستان کی میزبانی میں ہونے والے علاقائی مذاکرات میں شرکت کی تھی۔

 

ٹیگس