Dec ۲۱, ۲۰۲۱ ۱۵:۳۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان:  پارلیمنٹ ہاؤس سے وجے چوک تک احتجاجی ریلی

ہندوستان کے حزب اختلاف کے اراکین نے منگل کو بھی پارلیمنٹ ہاؤس سے وجے چوک تک احتجاجی ریلی نکالی۔

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق کانگریس اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے اراکین پارلیمان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں مہاتما گاندھی کے مجسمے سے وجے چوک تک احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی میں شریک اراکین پارلیمان نے ایوان بالا راجیہ سبھا کے بارہ اراکین کی معطلی ختم کئے جانے اور داخلہ امور کے وزیر مملکت اجے مشرا کو برخاست کئے جانے کا مطالبہ کیا۔
ہمارے نمائندے کے مطابق کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں مسئلے میں حزب اختلاف کی سبھی جماعتیں متحد ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ بات منظر عام پر آجانے کے بعد کہ لکھیم پور میں کسانوں کو گاڑی سے کچل کے قتل کردینے کے معاملے میں اجے مشرا ملوث ہیں، انہیں زراعت کے عہدے پر برقرار رکھنا بی جے پی حکومت کی ہٹ دھرمی اور منفی سوچ کی علامت ہے۔ انھوں نے اسی کے ساتھ ایک بار پھر راجیہ سبھا کے بارہ اراکین کی معطلی کو جمہوریت کے قتل سے تعبیر کیا اور یہ معطلی فوری طور پر ختم کئے جانے کا مطالبہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں ان دو مسئلوں پر حزب اختلاف نے زبردست ہنگامہ کیا جس کے بعد کارروائی پورے دن کے لئے ملتوی کردی گئی۔

ٹیگس