Dec ۲۳, ۲۰۲۱ ۱۱:۱۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کووڈ ویکسینیشن مہم

ہندوستان میں کووڈ ویکسینیشن مہم کے تحت 60 فیصد اہل آبادی کو کووڈ ویکسین دی گئی ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر منسکھ مانڈویہ نے آج جمعرات کو ایک ٹویٹ میں یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ایک اور نئی کامیابی۔ ہندوستان کو مبارک ہو۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شرکت اور صحت کارکنوں کی کوششوں سے، 60 فیصد اہل آبادی کا کووڈ ویکسینیشن مکمل ہو چکا ہے۔

دریں اثنا، وزارت نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 70 لاکھ 17 ہزار 671 کووڈ ویکسین لگائی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی آج صبح 7 بجے تک 139 کروڑ 69 لاکھ 76 ہزار 774 کووڈ ویکسین دی گئی ہیں۔

وزارت نے کہا کہ ملک میں کووڈ کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے 16 ریاستوں میں کل 236 معاملے سامنے آئے ہیں جن میں 104 انفیکشن سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

مہاراشٹر میں اومیکرون کے سب سے زیادہ 65 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ دہلی میں 64 اور تلنگانہ میں 24 افراد اومیکرون سے متاثر پائے گئے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ انفیکشن کے 7495 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس وقت ملک میں 78 ہزار 291 کووڈ مریض زیر علاج ہیں۔ یہ متاثرہ کیسز کا 0.23 فیصد ہے۔

اسی مدت میں 6960 افراد کووڈ سے صحت یاب ہوئے ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر تین کروڑ 42 لاکھ 8 ہزار 926 لوگ کووڈ سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ بحالی کی شرح 98.40 فیصد ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 12 لاکھ 5 ہزار 775 کووڈ ٹیسٹ کیے گئے۔ ملک میں کل 66 کروڑ 86 لاکھ 43 ہزار 929 کووڈ ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

ٹیگس