Jan ۱۲, ۲۰۲۲ ۱۸:۵۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں وزیراعظم کی سیکورٹی کا مسئلہ

ہندوستان میں سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کی سیکورٹی میں کوتاہی کی جانچ کے لئے ایک ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو لائرز وائس نامی تنظیم کی پی آئی ایل پر چیف جسٹس این وی رمن کی سربراہی میں تین رکنی ڈیویژن بینچ نے سماعت کی۔

سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے ڈیویژن بینچ نے کہا کہ وزیر اعظم کی سیکورٹی میں کوتاہی کا مسئلہ اتنا حساس ہے کہ اس کو مرکزی یا ریاستی حکومتوں کی یک طرفہ تحقیقات پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

ہندوستانی سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے کہا کہ عدالت سمجھتی ہے کہ عدالتی شعبے کے کسی تربیت یافتہ شخص کو اس معاملے کی تحقیقات کرنی چاہئے۔ ہندوستانی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس این وی رمن نے اعلان کیا کہ عدالت عظمی نے جسٹس ریٹائرڈ اندو ملہوترا کی قیادت میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

انھوں نے کہا کہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی این آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل یا ان کی نامزد کردہ اتھارٹی، چندی گڑھ کے ڈائریکٹر جنرل پولیس، پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل پولیس اور ہریانہ ہائی کورٹ کے رجسٹرار، جنرل کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

ٹیگس