Jan ۱۲, ۲۰۲۲ ۱۷:۳۱ Asia/Tehran
  • ہند چین مذاکرات کے نئے دور کا آغاز، چین نے ماحول کو مثبت بتایا

ہندوستان اور چین کے درمیان سینئر فوجی کمانڈروں کی بات چیت کا چودھواں دور بدھ کو چین کے سرحدی علاقے چُشول-مولڈو میں شروع ہوا۔

ہند چین فوجی کمانڈروں کے مذاکرات کے اس دور میں، ہندوستانی وفد کی قیادت لیہہ میں مقیم فائر اینڈ فیوری کور کے نئے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل انندا سین گپتا اور چینی وفد کی سربراہی جنوبی سنکیانگ ملٹری ڈسٹرکٹ کے کمانڈر، میجر جنرل یانگ لن کر رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل انندا سین گپتا نے لیفٹیننٹ جنرل پی جی کے مینن سے ایلیٹ کور کی کمان سنبھال لی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مذاکرات سے پہلے انہوں نے کہا کہ مشرقی لداخ میں تصادم کے باقی ماندہ مقامات سے دونوں ملکوں کی فوجوں کو واپس بلانے کے عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دونوں ممالک کے درمیان یہ بات چیت ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبِن نے کہا ہے کہ اس وقت چین ۔ ہندوستان سرحد پر صورتحال مستحکم ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ دونوں ممالک سفارتی اور فوجی ذرائع سے بات چیت اور رابطے کو برقرار رکھے ہوئے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ دونوں فریق مل کر بات چیت کے ذریعے حل تلاش کرلیں گے۔

خیال رہے اس سے قبل کور کمانڈروں کی سطح کی آخری میٹنگ دس اکتوبر کو چشول مولڈو بارڈر پر بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہوگئی تھی۔

ٹیگس