اتر پردیش اسمبلی انتخابات کیلئے انتخابی مہم تیز
اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ سیٹیں جیتنے کیلئے سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔
ہندوستان کی ریاست اتر پردیش میں ہونے والے آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے جہاں بی جے پی (BJP) نے پہلے مرحلے کے لیے اعلان کردہ اپنے 109 امیدواروں کی فہرست میں ایک بھی مسلمان کو ٹکٹ نہیں دیا ہے وہیں پہلے مرحلے میں ہونے والے آئندہ انتخابات میں ایس پی آر ایل ڈی اتحاد اور بی ایس پی دونوں نے آٹھ سیٹوں پر مسلم امیدوار کھڑے کیے ہیں۔
دوسری جانب بھارتیا جنتا پارٹی کی مرکزی قیادت نے زیادہ تر اسمبلی سیٹوں پرامیدواروں کا فیصلہ کرنے کے بعد ایک بار پھر انتخابی مہم کو تیز کر دیا ہے۔
بی جے پی صدر جے پی نڈا اور وزیر داخلہ اور پارٹی کے سابق صدر امت شاہ آج جمعہ سے کورونا پروٹوکال کے بعد اتر پردیش میں مہم کو تیز کریں گے۔
ایک ایسے وقت جب اتر پردیش میں بی جے پی 300 سیٹوں پر جیت کا دعویٰ کر رہی ہے، اسے آئندہ انتخابات میں بھی مغربی اتر پردیش میں اپنی سابقہ کارکردگی کو دہرانے کا چیلنج درپیش ہے۔
اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ آج بی جے پی کے انتخابی رتھ کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔
واضح رہے کہ مغربی یوپی میں 10 فروری کو الیکشن ہوگا، جہاں مسلم آبادی زیادہ ہے۔