ہندوستان میں کورونا کا قہر، انتخابی ریلیوں پر پابندی برقرار
ہندوستان میں کورونا کے پھیلاؤ کے باعث پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات سے پہلے ہر طرح کی ریلیوں اور روڈ شو پر پابندیوں کی مدت اکتیس جنوری تک بڑھا دی گئی ہے ۔
ہندوستان میں کورونا کے معاملات مسلسل بڑھتے جارہے ہیں اور تیسری لہر میں تیزی کے دوران پچھلے چوبیس گھنٹے میں مزید تین لاکھ سینتیس ہزار نئے معاملات سامنے آئے ہیں - جس کی وحہ سے کورونا کی شرح سترہ اعشاریہ نو چار ہوگئی ہے -
کورونا کے اسی پھیلاؤ کے پیش نظر ہندوستان کے الیکشن کمیشن نے پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے لئے ہرطرح کی انتخابی ریلیوں اور روڈ شو اور جلسوں پر پابندی کی مدت مزید ایک ہفتے یعنی اکتیس جنوری تک بڑھادی ہے -
ہندوستانی میڈیا کے مطابق الیکشن کمیشن نے کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ہفتے کو ایک اجلاس منعقد کیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسمبلی انتخابات کے لئے انتخابی ریلیوں پر پابندی مزید ایک ہفتے تک باقی رہے گی تاہم الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں دیگر طریقوں سے اپنی انتخابی مہم جاری رکھ سکتی ہیں -
ہندوستان کا الیکشن کمیشن اب تک دوبار انتخابی ریلیوں پر پابندی عائد کرچکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن چاہتا ہے کہ انتخابات سے پہلے ملک میں ویکسینیشن کا عمل اور زیادہ وسیع ہو۔