ہندوستان دو ہزار بائیس تیئس کا بجٹ پارلیمنٹ میں پیش
ہندوستان کی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے دو ہزار بائیس تیئس کا بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کردیا ہے۔
ہندوستان کی مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے منگل کو پارلیمنٹ کے ایوان زیرین لوک سبھا میں ملک کے نئے مالی سال دو ہزار بائیس تیئس کا بجٹ پیش کردیا ۔
انھوں نے اپنی بجٹ تقریر میں کہا کہ نئے مالی سال کا بجٹ مجموعی بہبود کے مقاصد سے تیار کیا گیا ہے۔
ہندوستان کی مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ سال دو ہزار بائیس تیئس کے بجٹ میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور غریبوں کی استعداد کار میں اضافے کی ضرورت کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے۔ہندوستانی ذرائع کے مطابق نئے مالی سال کے بجٹ میں انفرادی یا ملازمت پیشہ افراد کے لئے ٹیکس کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے لیکن ڈیجیٹل کرنسی میں کاروبار کرنے والوں کو آمدنی پر تیس فیصد ٹیکس دینا ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ منگل کو ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کی میٹنگ میں حکومتی آمدنی اور اخراجات کی تجاویز اور سرکاری اسکیموں کی منظوری دی گئی۔
نئے مالی سال کے بجٹ کی مرکزی کابینہ سے منظوری کے بعد مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن ، اسے پارلیمنٹ میں پیش کرنے سے پہلے ، ہندوستان کے ایوان صدر راشٹرپتی بھون گئیں جہاں انھوں نے صدر رام ناتھ کووند کو بجٹ تجاویز پیش کیں اور ان سے اجازت لینے کے بعد پارلیمنٹ کے ایوان زیرین لوک سبھا میں بجٹ پیش کیا۔