اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے چوتھے مرحلے کی ووٹنگ شروع
کووڈ پروٹوکول کے تحت ووٹروں کو صرف ماسک پہن کر پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے کی اجازت ہے۔
ہندوستان کی ریاست اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات کے چوتھے مرحلے میں نو اضلاع کی 59 نشستوں پر بدھ کی صبح سات بجے ووٹنگ شروع ہو گئی۔ انتخابات کے اس مرحلے میں شام 6 بجے تک ہونے والی ووٹنگ میں 91 خواتین امیدواروں سمیت 2.13 کروڑ ووٹر ای وی ایم میں کل 624 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بدھ کو اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے چوتھے مرحلے کی پولنگ شروع ہونے کے بعد ووٹروں سے اپنے حق رائے دہی کا بڑے پیمانے پر استعمال کرنے کی اپیل کی۔
نریندرمودی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ آج اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ کا چوتھا دور ہے۔ میں تمام ووٹرز سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کرکے جمہوریت کی مضبوطی میں اپنا کردار ادا کریں۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے بتایا گیا کہ چوتھے مرحلے میں نو اضلاع پیلی بھیت، کھیری، سیتا پور، ہردوئی، اناؤ، لکھنؤ، رائے بریلی، باندہ اور فتح پور کی 59 نشستوں پر صبح 7 بجے ووٹنگ شروع ہوئی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق کووڈ پروٹوکول کے تحت ووٹروں کو صرف ماسک پہن کر پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے کی اجازت ہے۔ اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنز پر سینیٹائزر اور تھرمل اسکیننگ سمیت دیگر انتظامات بھی کیے ہیں۔