سرینگر میں دھماکہ، ایک ہلاک 20 سے زائد زخمی
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہونے والے ایک دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور اکیس دیگر زخمی ہو گئے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق دستی بم کا یہ دھماکہ دارالحکومت سرینگر کے امیرا کدل بازار میں ہوا جس میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ اکیس دیگر زخمی ہوئے ہیں زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں نے امیرا کدل بازار میں اتوار بازار کے دوران سیکورٹی اہلکاروں کو دستی بم حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش کی مگر بم نشانے پر نہیں لگا اور عام شہریوں کی بھیڑ میں جا گرا، اس واقعے کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تلاشی کی کارروائی شروع کردی تاہم کسی کو گرفتار کئے جانے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
در ایں اثناء ڈی آئی جی سینٹرل کشمیر سرجیت کمار کا کہنا ہے کہ امیر کدل گرینیڈ حملے کی سی سی ٹی فوٹیج کے دوران پولیس کو اہم سراغ ملے ہیں ۔اُنہوں نے بتایا کہ ابھی تک کسی نے بھی اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔
واضح رہے کہ سری نگر میں کافی عرصے کے بعد اس قسم کا کوئی واقعہ رونما ہوا ہے۔