عام آدمی پارٹی نے دہلی کے بعد اب پنجاب میں بھی پرچم لہرایا
دہلی کی ریاستی حکومت میں بر سر اقتدار عام آدمی پارٹی تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار دہلی سے باہر کسی ریاست میں الیکشن میں واضح اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے جا رہی ہے۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجری وال کی جماعت عام آدمی پارٹی نے ہندوستان کی ریاست پنجاب میں غیرمعمولی جیت حاصل کرکے اپنے مد مقابل بڑے بڑے رہنماؤں کو چاروں خانے چت کردیا ہے۔
ریاست پنجاب کی ایک سو سترہ رکنی اسمبلی میں عام آدمی پارٹی کو نوے سے زائد سیٹیں ملی ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے پہلے ہی بھگوت مان سنگھ کو وزیر اعلی کے طور پر پیش کردیا تھا۔ عام آدمی پارٹی نے پنجاب میں کانگریس کو بری طرح شکست دی۔ کانگریس صرف اٹھارہ سے انیس سیٹوں پر ہی سمٹ کر رہ گئی ہے۔
وزیراعلی چنّی اور کانگریس کے ریاستی صدر نوجوت سنگھ بھی عام آدمی سے الیکشن ہار گئے ہیں۔ ریاست پنجاب ایسی دوسری ریاست ہوگی جہاں عام آدمی حکومت بنانے جا رہی ہے۔