Mar ۱۶, ۲۰۲۲ ۰۵:۳۲ Asia/Tehran
  • راجناتھ سنگھ کا میزائیل گرنے کے معاملے میں اعتراف، مگر معافی نہیں

ہندوستانی وزیر دفاع نے اعتراف کیا ہے کہ ہندوستان کی طرف سے ایک میزائل فائر ہوا جو پاکستان کے اندر جاکر گرا ہے تاہم انہوں نے اس واقعے کو غیر ارادی طور پر پیش آنے والا ایک اتفاق قرار دیا۔

ہندوستانی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے منگل کے روز پارلیمنٹ میں پاکستان کے اندر میزائیل کے گرنے میں نئی دھلی کی غلطی کا اعتراف کیا تاہم انہوں نے کسی قسم کی معافی مانگنے سے گریز کیا۔

ہوم نیوز چینل کے مطابق، ہندوستانی وزیر دفاع نے ملک کے دفاعی سسٹم کی وضاحت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ہندوستان کا میزائیل سسٹم بہت ہی محفوظ اور بھروسے کے قابل ہے۔

راجناتھ سنگھ نے کہا کہ معمول کی مرمت کے کام کے دوران میزائیل غیر اختیاری طور پر فائر ہوا اور جیسے ہی اسکے پاکستان کی سرزمین پر گرنے کی اطلاع ملی، فورا وزارت دفاع کی طرف سے اعلی سطحی تحقیقات کا حکم جاری ہوا۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ بدھ کو ہندوستان کی طرف سے فائر ہوا میزائیل اسلام آباد سے قریب 500 کلو میٹر دور میاں چنو کے علاقے میں گرا تھا۔ اس میزائیل میں دھماکہ خیز مادہ نہیں تھا اسی وجہہ سے جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

حالانکہ ہندوستان اس میزائیل کے فائر ہونے کے واقعے کو تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہونے والا اتفاق قرار دے رہا ہے لیکن پاکستان کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ہندوستان کی طرف سے اس حساس مسئلہ پر صرف سادہ وضاحت کافی نہیں ہے۔ پاکستان کی نظر میں اس میزائیل کے فائر ہونے کے بعد ہندوستان کا رویہ غیر ذمہ دارانہ تھا۔

پاکستان نے اس واقعے کی مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

 

 

ٹیگس