بحر ہند میں ایران کی شمولیت سے آئی میکس 2022 بحری مشقوں کا آغاز
Mar ۲۹, ۲۰۲۲ ۱۹:۳۹ Asia/Tehran
بحرہند کے ساحلی ملکوں کی مشترکہ بحری مشقیں آئی میکس 2022 آج سے ہندوستان کے ساحلی شہر گوا کے قریب شروع ہوگئیں۔
آئی میکس 2022 میں، ایران، ہندوستان، بنگلادیش اور آسٹریلیا سمیت بحر ہند کے ساحلی ملکوں کی بحری فوجوں کی تنظیم آیونز کے 14 رکن ممالک کی بحری افواج حصہ لے رہے ہیں۔
ایرانی بحریہ کے اسکوارڈن کمانڈر کموڈور فرھاد فتاحی نے بتایا ہے کہ تین روز تک جاری رہنے والی یہ مشقیں، دو مرحلوں پر مشتمل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مشقوں کا پہلا مرحلہ ساحلی علاقوں اور دوسرا مرحلہ کھلے سمندر میں انجام پائے گا۔
کموڈور فرھاد فتاحی کا کہنا تھا کہ کھلے سمندروں میں اسپیشل ریسکیو آپریشن کی مشق کی جائے گی جو خود کئی مرحلوں پر مشتمل ہوگی۔
واضح رہے کہ ایران اس وقت بحر ہند کے ساحلی ملکوں کی بحری تنظیم آیونز کی سیکورٹی کمیٹی کا صدر بھی ہے۔