ہندوستان اور برطانیہ کے مابین جوہری تعاون پر اتفاق
ہندوستان اور برطانیہ نے جوہری توانائی اور ایجادات کے شعبے میں دو معاہدوں پر دستخط کئے ہیں ۔
ان معاہدوں پر دستخط نئی دہلی حیدرآباد ہاؤس میں دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کی ملاقات کے موقع پر کئے گئے۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن ہندوستان کے سرکاری دورے پر جمعے کو نئی دہلی پہنچے ہیں۔ بحیثیت وزیر اعظم یہ بورس جانس کا پہلا دورہ ہندوستان ہے۔
نئی دہلی حیدرآباد ہاؤس میں دونوں وزرائے اعظم کی ملات دو گھنٹے تک جاری رہی۔ وفود کی سطح پر ہونے والی اس ملاقات میں، جوہری توانائی اور ایجادات کے شعبے میں باہمی تعاون کے معاہدوں پر دستخط کے ساتھ ہی دفاعی پیداوار اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے نیز رواں سال کے آخر تک آزاد تجارتی معاہدے ایف ٹی اے، تک پہنچنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے دورہ نئی دہلی میں برطانیہ نے ہندوستان کے ساتھ جوہری تعاون کے معاہدے پر ایسی حالت میں دستخط کئے ہیں کہ ہندوستان نے اعلانیہ ایٹمی ہتھیار بنائے ہیں اور فوجی جوہری پروگرام کو جاری رکھا ہے، جبکہ برطانیہ، امریکا اور دیگر یورپی ملکوں کے ساتھ مل کے ایران جیسے ملکوں کے غیر فوجی اور پر امن ایٹمی پروگرام کی مخالفت کرتا ہے۔
وفود کی سطح کے مذاکرات کے بعد دونوں وزرائے اعظم نے مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا جس میں ہندوستان کے وزیر اعظم نے بورس جانسن کو ہندوستان کا بہترین دوست قرار دیا۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ بورس جانسن کو خود اپنے ملک میں مقبولیت حاصل نہیں ہے اور پارٹی گیٹ اسکینڈل میں انہیں قانون شکنی کا مرتکب بھی قرار دیا گیا ہے۔