ہندوستان کے وزیر اعظم کے دورہ کشمیر کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ، ہڑتال کی کال
ہندوستان کے وزیر اعظم کے دورہ کشمیر کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور ہڑتال کی کال دی گئی ہے۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی آج اتوار کو اس ملک کے زیر انتظام جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے اور یوم قومی پنچایتی راج پر سانبہ ضلع کی پلی گرام پنچایت سے ملک کی تمام گرام سبھا سے خطاب کرنے کے ساتھ ہی 20 ہزار کروڑ روپے کے مختلف پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے ۔ اگست 2019 میں آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو غیر فعال کرنے کے بعد مودی پہلی بار جموں و کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں۔
جموں میں وزیر اعظم کی آمد کے پیش نظر سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔ چپے چپے پر پولیس و سی آر پی ایف کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے، گاڑیوں کی تلاشیاں لی جارہی ہیں اور سانبہ میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ تقریب کی جگہ کو تین روز پہلے ہی سیکورٹی فورسز نے اپنی تحویل میں لیا۔
دوسری جانب ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کے دورے کے موقع پر آج وادی میں مکمل ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہڑتال کی کال کُل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے۔