ہندوستان میں گیس کی قیمت میں اضافہ
ہندوستان میں کوکنگ گیس کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔
ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق، مئی کی پہلی تاریخ کو عوام کو زبردست جھٹکا دیتے ہوئے کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 102 روپے 50 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ نئے اضافے کے بعد ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی میں انیس کلو کا کمرشل گیس سلنڈر 2355 روپے 50 پیسے کا ہوگیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ گھریلو سلنڈر کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے لیکن بتایا گیا ہے کہ کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافے سے دوسری چیزیں بھی متاثر ہوں گی اور مہنگائی بڑھے گی۔ ہندوستان کے سبھی ہوٹلوں اور ریستورانوں میں کمرشل گیس استعمال ہوتی ہے۔ کمرشل گیس مہنگی ہونے کے بعد ہوٹلوں اور ریستورانوں میں کھا نا مہنگا ہوجائے گا۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ ہندوستان میں 1 اپریل کو کمرشل گیس کی قیمت میں فی سلنڈر 250 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ اس سے پہلے 1 مارچ کو اس کی قیمت میں 105 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا، لیکن بعد میں 22 مارچ کو 9 روپے فی سلنڈر کم کردیئے گئے تھے۔