May ۱۵, ۲۰۲۲ ۲۱:۱۴ Asia/Tehran
  • آرایس ایس اور بی جے پی نے ملک میں نفرتوں کا بازار گرم کر دیا ہے: راہل گاندھی

کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے آر ایس ایس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی نفرت پھیلانے کی سیاست کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

راہل گاندھی ریاست راجستھان کے شہر اودے پور میں کانگریس پارٹی کے تین روزہ کیمپ کے آخری دن کے سیشن سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس اور بھارتیہ جنتا پارٹی نفرت کی سیاست سے ملک کو برباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ نفرت کی اس پالیسی کے خلاف لڑنا اور اس کو شکست دینا ان کی پارٹی کا ایک بنیادی ہدف ہے۔
کانگریسی رہنما راہل گاندھی نے کہا کہ ان کی لڑائی آر ایس ایس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی اس سوچ سے ہے جس نے ملک میں نفرت اور تشدد کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔
انہوں نے کانگریس پارٹی کے تین روزہ کیمپ میں شریک پارٹی کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ ملک کو اس خطرناک سوچ سے بچانا پارٹی کی ذمہ داری ہے۔
 ان کا کہنا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی آئینی اصولوں کو توڑ رہی ہے اور آئینی اداروں کو برباد کر رہی ہے اس لئے اس کے خلاف لڑائی ہم سب کی ذمہ داری بن گئی ہے ۔
راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ملک کے عوام کے جذبات کو دیکھتے ہوئے، ہمیں نہ صرف یہ کہ یہ لڑائی لڑنی ہے بلکہ جیتنی بھی ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ آج ملک میں اقلیتوں، دلتوں، آدی واسیوں اور پسماندہ طبقات کے ساتھ جو زیادتی ہو رہی ہے، اس کی روک تھام کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
 انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ نئے عزم و حوصلے کے ساتھ عوام کے درمیان جائیں اور ان کے اندر بیداری پیدا کریں۔

ٹیگس