May ۲۲, ۲۰۲۲ ۱۴:۵۵ Asia/Tehran
  •   ہندوستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی

ہندوستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اتوار کو زبرست گراوٹ آئی ہے۔

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق  مرکزی وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی ایکسائز ڈیوٹیوں میں بالترتیب آٹھ روپے اور چھے روپے فی لیٹر کمی کے فیصلے کے بعد دونوں پیٹرولیئم مصنوعات کی قیمتوں میں قابل ملاحظہ کمی آئی ہے۔ 

 یاد رہے کہ ہندوستان کی مرکزی وزیر خزانہ محترمہ نرملا سیتا رمن نے سنیچر کی شام سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کیا تھا  کہ حکومت نے  پیٹرول اور ڈیزل کی ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ  وزیر اعظم نریندر مودی کی اجولا یوجنا سے استفادہ کرنےوالوں کو ایل پی جی سلنڈر پر دوسو روپے کی سبسیڈی بھی دی جائے گی ۔ہندوستان کی وزیرخزانہ کے مطابق مرکزی حکومت سیمنٹ، اسٹیل اور پلاسٹک کی مصنوعات کی قیمتیں بھی کم کرنے جارہی ہے۔ 

پیٹرول اور ڈیزل کی ایکسائز ڈیوٹی کم کئے جانے کے بعد اتوار کو دہلی میں پیٹرول چھیانوے روپے بہتر پیسے اور ڈیزل نواسی روپے باسٹھ پیسے فی لیٹر ہوگیا۔  اسی کے ساتھ کولکتہ، ممبئی ، اور چنئی سمیت تقریبا سبھی شہروں  میں  پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں سوروپے فی لیٹر سے کم ہوگئی ہیں جبکہ پینتالیس دن قبل دونوں پیٹرولیئم مصنوعات کی قیمتیں سو روپے سے اوپر چلی گئی تھیں۔

دوسری طرف سینیئر کانگریسی رہنما اور ریاست راجستھان کے وزیر اعلی اشوگ گہلوت نے مرکزی حکومت کے اس فیصلے کو کانگریس پارٹی کی جانب سے چلائی جانے والی عوامی بیداری مہم کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر بے جی پی حکومت واقعی عوام کو راحت پہنچانا چاہتی ہے تو اس کو ایکسائز ڈیوٹی کو یونائٹیڈ پروگریسیو الائنس کی حکومت کی سطح تک کم کرنا چاہئے جس کے نتیجے میں پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں تقریبا ستر روپے فی لیٹر کی کمی آجائے گی اور عوام کو مہنگآئی سے کسی حدتک نجات مل جائے گی ۔   

ٹیگس