May ۳۰, ۲۰۲۲ ۱۷:۰۷ Asia/Tehran
  • سدھو موسے والا
    سدھو موسے والا

ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے پنجاب میں پارٹی کے جواں سال رہنما سدھو موسے والا کے قتل کا ذمہ دار پنجاب حکومت کو قرار دیا ہے۔

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، کانگریس پارٹی کے کارکنوں نے صوبہ پنجاب میں سدھو موسے والا کے قتل کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سدھو موسے والا کے قتل کے لئے ریاست پنجاب کی حکومت جوابدہ ہے۔ کانگریسی مظاہرین نے کہا کہ سدھوموسے والا کی سیکورٹی ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت واپس لی گئی تھی۔

اس سے پہلے کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک ٹوئٹ میں سدھو موسے والا کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت نے پنجاب میں جنگل راج قائم کیا ہے۔

یاد رہے کہ ہندوستان کی ریاست پنجاب کے گلوکار و کانگریسی رہنما سدھو موسے والا کو سیکورٹی واپس لئے جانے کے دوسرے ہی دن اتوار کو قتل کردیا گیا ۔

 پنجاب حکومت نے سدھو موسے والا کی سیکورٹی واپس لئے جانے کی خبر کی تردید کی ہے۔ پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ سدھو موسے والا کی سیکورٹی 4 پولیس اہلکاروں کو لگایا گیا تھا جن میں سے 2 کو عارضی طور پر واپس بلا لیا گیا تھا اور قتل کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب کانگریسی رہنما دونوں پولیس اہلکاروں کے  بغیر ہی نکل گئے۔

گلوکار و کانگریسی رہنما سدھو موسے والا کو اس وقت قتل کیا گیا جب وہ ریاست پنجاب کے وزیر اعلا بھگونت مان سنگھ سے ملنے جارہے تھے۔

 پنجاب کے عام آدمی پارٹی کے وزیر اعلا بھگونت مان سنگھ نے سدھو موسے والا کے قتل کی مذمت کی ہے۔ پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ سدھو موسے والا کو کینیڈا کے ایک گینگ نے قتل کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک کینیڈین گینگسٹر نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

 

ٹیگس