ویڈیو گرافی سروے کی کاپی کا غلط استعمال نہ کیا جائے: ہندوستانی عدالت
وارانسی کی ضلع عدالت نے گیان واپی مسجد احاطے کی ویڈیو گرافی سروے کی سی ڈی ہندو فریق کے مدعین کو سونپنے کا حکم دیا ہے۔
سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق مدعین نے ایک حلف نامہ کے ذریعہ یقین دہانی کرائی کہ ویڈیو گرافی سروے کی کاپی کا غلط استعمال یا اسے افشا نہیں کریں گے۔
مدعین نے طے شدہ فیس کی ادائیگی کے بعد ویڈیو سروے کی سی ڈی حاصل کر لی ہے۔ ڈسٹرکٹ جج اجئے کرشن وشویش کی عدالت میں ہندو فریق نے ویڈیو گرافی سروے کی سی ڈی انہیں فراہم کئے جانے کی درخواست کی تھی۔ عدالت نے مدعین سے ویڈیو گرافی کو لیک نہ کرنے کا حلف لیا جس کے بعد مدعین نے اس حوالے سے حلف نامہ داخل کیا۔
قابل ذکر ہے کہ گیان واپی احاطے کی ویڈیو گرافی سروے دو مراحل میں منعقد ہوا تھا۔ اس کی رپورٹ دونوں فریقین کو دی گئی تھی اور ان کی جانب سے اس پر اعتراضات طلب کئے گئے تھے۔ ہندو فریق ویڈیو گرافی سروے کی سی ڈی اور فوٹو گراف کا مطالبہ کر رہا تھا۔
اس سے قبل ڈسٹرکٹ کورٹ عدالت نے ہندو فریق کی جانب سے دائر عرضی کے جواز پر سماعت کرتے ہوئے اگلی سماعت کی تاریخ 4 جولائی طے کی ہے۔
مسلم فریق نے کوڈ آف سول پروسیزر کے آرڈر 7 وصول 11 کے تحت عرضی پر سماعت نہ کرنے کی دلیل دی ہے۔ عدالت موسم گرما کی چھٹی کے بعد چار جولائی کو معاملے کی دوبارہ سماعت کرے گی۔