Feb ۲۷, ۲۰۲۴ ۱۳:۳۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: گیان واپی مسجد کیس، مسلم فریق نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

ہندوستان کے قدیم اور معروف شہر وارانسی (بنارس) میں واقع گیان واپی مسجد کیس میں الہ آباد ہائی کورٹ کے ایک اہم فیصلے کو مسلم فریق نے سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: ریاست اترپردیش کے شہر وارانسی میں واقع گیان واپی مسجد معاملے میں الہ آباد ہائی کورٹ کے ملکیت سے متعلق فیصلے کو مسلم فریق نے سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ ہائی کورٹ نے 19 دسمبر 2023 کو گیان واپی پر قبضے کے مطالبے والی ہندو فریق کی درخواست کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے مسلم فریق کی تمام عرضداشتوں کو خارج کر دیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق مسلم فریق نے سپریم کورٹ میں داخل کی گئی عرضداشت میں کہا ہے کہ الہ آباد ہائی کورٹ کا یہ فیصلہ ورشپ ایکٹ 1991 میں مداخلت ہے جس پر روک لگائی جانی چاہئے۔

ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ عبادت گاہوں سے متعلق 1991 کے قانون میں مذہبی کردار کو واضح نہیں کیا گیا ہے، ایسی صورت میں عدالت اپنی صوابدید پرفیصلہ کرنے کی مجاز ہے۔

الہ آباد ہائی کورٹ کے اس تبصرے پر کہ ’ورشپ ایکٹ 1991 مذہبی حیثیت کی وضاحت نہیں کرتا ہے‘ کے جواب میں مسلم فریق نے اپنی عرضداشت میں کہا ہے کہ اس طرح کے سوالات پر مقدمے کی بنیاد نہیں رکھی جا سکتی اور ثبوت وشواہد کی بنیاد پر فیصلہ کیا جانا چاہئے۔

واضح رہے کہ گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں پوجا کی اجازت کے خلاف مسجد کمیٹی کی عرضداشت پر سپریم کورٹ کے فوری سماعت سے انکار کے بعد الہ آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی گئی تھی۔

 

ٹیگس