Feb ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۵:۰۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: گیان واپی مسجد کیس، تہہ خانے میں پوجا جاری رہنے کا ہائی کورٹ کا فیصلہ

ہندوستان میں الہ آباد ہائی کورٹ نے بڑا فیصلہ سنایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گیان واپی مسجد کمپلیکس میں واقع ویاس جی کے تہہ خانے میں پوجا جاری رہے گی۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق گیان واپی مسجد کیس میں یہ فیصلہ جسٹس روہت رنجن اگروال کی سنگل بینچ نے سنایا۔ عدالت نے وارانسی کے ضلع جج کے 31 جنوری کو پوجا شروع کرنے کے حکم کو برقرار رکھا۔ الہ آباد ہائی کورٹ کے اس حکم کے بعد ریاست اترپردیش کے شہر وارانسی میں واقع قدیم گیان واپی مسجد کے ویاس تہہ خانے میں پوجا جاری رہے گی۔

الہ آباد ہائی کورٹ نے اتر پردیش کے شہر وارانسی میں واقع گیان واپی مسجد کمپلیکس میں ویاس جی کے تہہ خانے میں پوجا جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ کے اس حکم کے بعد گیان واپی مسجد کمپلیکس کے ویاس تہہ خانے میں پوجا جاری رہے گی۔ عدالت نے مسلم فریق یعنی انجمن انتظام مسجد کمیٹی عرضداشت کو مسترد کردیاہے۔

یادر ہے کہ مسلم فریق یعنی انجمن انتظام مسجد کمیٹی نے پوجا شروع کرنے کے ضلع جج وارانسی کے حکم کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ عدالت نے فریقین کے درمیان پانچ دن تک جاری رہنے والی طویل بحث کے بعد 15 فروری کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

سپریم کورٹ کے سینئر وکیل سی ایس ویدیا ناتھن اور وشنو شنکر جین نے ہندو فریق کی طرف سے بحث کی جبکہ مسلم فریق کی طرف سے سینیئر ایڈووکیٹ سید فرمان احمد نقوی اور یوپی سنی سینٹرل وقف بورڈ کے ایڈووکیٹ پونیت گپتا نے اپنا موقف پیش کیا۔

 

ٹیگس