بی جے پی حکومت پر انتقامی کارروائی کا الزام
ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے مرکز کی بی جے پی حکومت پر اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائی کا الزام لگایا ہے۔
نئی دہلی میں کانگریس پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کانگریس پارٹی کے سنیئر رہنما اور راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت اور پارٹی کے ترجمان پون کھیڑا نے کہا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے حکومت کے دباؤ میں کانگریس صدر سونیا گاندھی کو دفتر میں بلایا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بھارتی جنتا پارٹی کی حکومت نے ملک میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کردیا ہے۔ کانگریسی رہنماؤں نے کہا کہ حکومت حزب اختلاف کو دبانے کی کوشش کررہی ہے اورگاندھی خاندان کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جارہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ای ڈی سونیا گاندھی سے ان کے گھر پر ہی پوچھ گچھ کرسکتی تھی لیکن ای ڈی، سی بی آئی اور محکمہ انکم ٹیکس جیسی ایجنسیوں پر دباؤ ڈال کر اپوزیشن رہنماؤں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جو غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔
کانگریسی رہنماؤں نے کہا کہ ای ڈی نے بچھلی بار راہل گاندھی کو بلاکر انہیں ہراساں کرنے کی کوشش کی اور اس بارکانگریس صدر سونیا گاندھی کو بلایا گیا اور ایک خاتون کو جو احترام ملنا چاہئے اس کا خیال نہیں رکھا گیا ۔
انھوں نے کہا کہ مودی حکومت جس ذہنیت کے ساتھ کام کررہی اس سے اس نے ثابت کردیا ہے کہ اس کی نظر میں قانون سب کے لئے یکساں نہیں ہے۔ انھوں نے الزام لگایا کہ حکومت کے نزدیک، حزب اختلاف کے رہنماؤں اور پسندیدہ افراد کے لئے قانون الگ الگ ہیں ۔