Aug ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۶:۱۶ Asia/Tehran
  • ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن  کا احتجاج

ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کے ہنگاموں کا سلسلہ جمعے کو بھی جاری رہا۔

ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ جیسے مرکزی تفتیشی اداروں کے غلط استعمال پر حزب اختلاف کے اراکین نے جمعے کو زبردست ہنگامہ کیا ۔

ںئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق لوک سبھا میں کانگریسی اراکین جمعے کو احتجاجا کالے لباس پہن کر داخل ہوئے ۔ اس رپورٹ کے مطابق اسپیکر اوم برلا نے جیسے ہی وقفہ صفر کا آغاز کیا، حزب اختلاف کانگریس پارٹی اور اس کی ہم نوا جماعتوں کے اراکین حکومت پر من مانی، آمریت اور سرکاری اداروں کے غلط استعمال کا الزام لگا کر نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان کے بیچ میں آگئے ۔

اپوزیشن اراکین کے ہنگاموں کے باعث وقفہ صفر کی کارروائی نہ چل سکی اور اسپیکر نے اجلاس ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ۔

پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں کارروائی شروع ہوتے ہی، کانگریس پارٹی، ترنمول کانگریس، عام آدمی پارٹی اورحزب اختلاف کے دیگراراکین نے اپوزیشن لیڈروں کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی کارروائی کے خلاف احتجاج اور نعرے بازی شروع کردی جس کے نتیجے میں ایوان کی کارروائی تین منٹ بعد ہی ملتوی کردی گئی ۔

قابل ذکر ہے کہ مرکزی تفتیشی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ان دنوں حزب اختلاف کے رہنماؤں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے ۔ کانگریس ، عام آدمی پارٹی اور شیوسینا سمیت حزب اختلاف کی جماعتوں کے متعدد رہنماؤں کو ای ڈی میں طلب کرکے پوچھ گچھ کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ ای ڈی نے مختلف اپوزیشن رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے بھی مارے انہیں گرفتار بھی کیا ہے۔ ای ڈی کانگریس سے وابستہ میڈیا ہاؤس ، ہیرالڈ ہاؤس پر بھی چھاپے مارچکی ہے۔

ٹیگس