Aug ۱۳, ۲۰۲۲ ۱۴:۲۴ Asia/Tehran
  • مودی حکومت پر عام آدمی پارٹی کی تنقید

ہندوستان میں حزب اختلاف پر مفت کی ریوڑی کا کلچر پھیلانے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے الزام پر عام آدمی پارٹی کے سخت ترین ردعمل کا ردعمل جاری ہے۔

عام آدمی پارٹی کے سینیئر لیڈر اور ایم پی راجیہ سبھا، سنجے سنگھ نے جمعے کی شام ایک پریس کانفرنس میں، وزیراعظم نریندر مودی کے اس بیان کی سخت مذمت کی جس میں انھوں نے کسی پارٹی کا نام لئے بغیر اپوزیشن پر مفت ریوڑی باٹنے کا الزام لگایا۔

عام آدمی پارٹی کے ایم پی راجیہ سبھا سنجے سنگھ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت اپنے امیر دوستوں کو بقول ان کے انیس لاکھ کروڑ روپے کا فائدہ پہنچاتی ہے اور عام لوگوں کو سہولتیں فراہم کئے جانے کو مفت کی ریوڑی کہہ کے توہین کررہی ہے۔

اگرچـہ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے بیان میں کسی پارٹی کا نام نہیں لیا تھا لیکن سمجھا جاتا ہے کہ ان کا نشانہ براہ راست عام آدمی پارٹی تھی کیونکہ دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت نے ایک معینہ سطح تک بجلی اور پانی کے استعمال کو مفت کردیا ہے ۔ اس کے علاوہ اسپتالوں میں غریبوں کا مفت علاج اور بچوں کی مفت تعلیم بھی دہلی کی عام آدمی پارٹی کی حکومت کی پالیسیوں میں شامل ہے ۔ اس کے علاوہ وزیراعلی اروند کیجریوال نے چند روز قبل ایک پریس کانفرنس میں مرکزی حکومت سے بھی مطالبہ کیا تھا کہ ملک میں غریبوں کو علاج اور ان کے بچوں کو مفت تعلیم کی سہولیت دی جائے۔عام آدمی پارٹی کے سینیئر لیڈر سنجے سنگھ نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ جب سے دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی حقیقت عوام کے سامنے رکھی ہے اس وقت سے مرکزی حکومت اور پوری بھارتیہ جنتا پارٹی بوکھلا گئی ہے۔

ٹیگس