Aug ۱۶, ۲۰۲۲ ۲۰:۰۵ Asia/Tehran
  • بی جے پی حکومت پر ملک کو تقریبا دو لاکھ کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام

ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے مرکزی حکومت پر کارپوریٹ کو ٹیکس کی چھوٹ دے کر، ملک کو تقریبا دو لاکھ کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام لگایا ہے۔

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی کے ترجمان ، پروفیسر گورو ولبھ نے منگل کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں دعوی کیا کہ مودی حکومت نے بقول ان کے ، غریب دیہی عوام کی روزگار اسکیم منریگا کو نظر انداز کیا اور صنعت کاروں کو ٹیکس میں بھاری چھوٹ دے کر، ایک لاکھ چوراسی ہزار کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔
پروفیسر گورو ولبھ نے کہا کہ مودی حکومت نے بیس ستمبر دو ہزار انیس کو کارپوریٹ طبقے کو ٹیکس میں بھاری چھوٹ دینے کا اعلان کیا اور اس کے لئے یہ جواز پیش کیا کہ ٹیکس کی چھوٹ سے صنعتکاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور ملک میں پیداواری یونٹ قائم کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے اس تخمینے کے برعکس ، گزشتہ دو برس میں صنعتکاروں کو ٹیکس میں دی جانے والی چھوٹ کے نتیجے میں ملک کو ایک لاکھ چوراسی ہزار کروڑ روپے کا نقصان پہنچا ہے۔
کانگریس پارٹی کے ترجمان پروفیسر گورہ ولبھ کا کہنا تھا کہ ٹیکس میں اس خسارے کی بات ایک پارلیمانی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں بتائی ہے جس کے چیئرمین بی جے پی کے گریش باپٹ ہیں اور کمیٹی کے تیس ممبران میں سے سولہ بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔

ٹیگس