Aug ۳۰, ۲۰۲۲ ۱۴:۵۱ Asia/Tehran
  • مجرموں کی رہائی وزیر اعظم مودی کے قول و فعل میں تضاد کا کھلا ثبوت: شردپوار 

ہندوستان کے سینیئر سیاستداں شردپوار نے بلقیس بانو کیس کے مجرمین کی رہائی کو انتہائی تشویشناک اور وزیر اعظم مودی کے قول و فعل میں تضاد کا کھلا ثبوت بتایا ہے۔

ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق ہندوستان کے سینیئر سیاستداں اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر شردپوار نے تھانے میں ایک پریس کانفرانس میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پندرہ اگست کو لال قلعے سے خواتین کی عزت و احترام کی جو باتیں کہیں اس کا عملی ثبوت گجرات کی بی جے پی حکومت نے پیش کردیا ہے۔

شرد پوار نے ہندوستان میں خواتین کے ساتھ تشدد اور مظالم میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گجرات کی بے جی پی حکومت نے بلقیس بانو کیس کے مجرمین کو رہا اور ان کی سرعام ستائش کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ ان کے یہاں خواتین کا کیا احترام ہے۔

نیشنلسٹ پارٹی کے قومی صدر شرد پوار نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت مسلسل اس بات کی کوشش کرتی رہتی ہے کہ غیر بی جے پی لیڈران کے خلاف سی بی آئی، ای ڈی اور دیگر ایجنسیوں کو لگا دیا جائے ۔ انھوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ یہ کوشش صرف مہاراشٹر میں ہی ہورہی ہو بلکہ گجرات اور جھارکھنڈ سے بھی اس طرح کی شکایتیں مل رہی ہیں ۔ شرد پوار نے کہا کہ جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت نہیں ہے ان تمام ریاستوں میں غیر جمہوری طریقے سے منتخب حکومتوں کو اقتدار سے ہٹانے کی کوششیں جاری ہیں۔

ٹیگس