Sep ۰۴, ۲۰۲۲ ۱۷:۲۴ Asia/Tehran
  • بی جے پی کے خلاف کانگریس پارٹی کی وسیع ریلی

کانگریس پارٹی نے بڑھتی ہوئی مہنگائی سمیت ملک کے تمام مسائل کا ذمہ دار بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کو قرار دیا ہے ۔

ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے دہلی کے رام لیلا میدان میں بی جے پی حکومت کے خلاف ایک بڑی ریلی کا اہتمام کیا ۔ اس ریلی میں کانگریس صدر سونیا گاندھی اور قومی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی کو چھوڑ کر پارٹی کے سبھی بڑے رہنماؤں نے شرکت کی ۔

ریلی سے خطاب میں کانگریسی رہنماؤں نے ملک کے تمام مسائل و مشکلات کا ذمہ دار نریندر مودی کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کو قرار دیا ۔

کانگریسی رہنماؤں نے مرکز کی بی جے پی حکومت کی پالیسیوں کو عوام دشمن بتایا اور کہا کہ نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت نے عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کا تحفہ دیا ۔ کانگریسی رہنماؤں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کو ہر میدان میں ناکام بتایا۔

کانگریس پارٹی کے سابق صدر اور موجودہ رکن پارلیمان راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی اقتصادی پالیسیوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس حکومت نے صرف سرمایہ داروں کے لئے کام کیا اور اقتصادی شعبے میں اس کے ہر اقدام سے عوام کو نقصان پہنچا ہے۔

راہل گاندھی نے اپنے خطاب میں بی جے پی حکومت پر مذہبی منافرت پھیلانے کا الزام لگایا اور کہا کہ اس حکومت نے بقول ان کے منظم طور پر ہندوستانی سماج میں نفرت پھیلائی اور فرقہ واریت کو ہوا دے کر ملک کی قومی یکجہتی کو زبردست نقصان پہنچایا ہے۔

ٹیگس