ریاست بہار میں بی جے پی کو شکست دینے کے لئے سیاسی جماعتوں کی کوششیں تیز
ہندوستان کی ریاست بہار کے وزیر اعلا نتیش کمار نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو شکست دینے کے لئے تمام سیاسی پارٹیوں کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ہندوستان کے سرکاری خبررساں ادارے یو این آئی کے مطابق بہار کے وزیر اعلیٰ نیتش کمار نے دہلی میں کانگریس پارٹی کے لیڈر راہل گاندھی اور کمیونسٹ رہنماؤں ڈی راجہ اور سیتارم یچوری سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ وہ وزارت عظمی کے امیدوار نہیں ہیں نہ ہی وزیر اعظم بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس ، بائیں بازو کی پارٹیاں، علاقائی جماعتیں ایک ساتھ آتی ہیں تو یہ بہت بڑی کامیابی ہوگی۔
صحافیوں سے گفتگو میں ہندوستانی کمیونسٹ پارٹی کے لیڈر ڈی راجہ نے جنتا دل یونائیٹیڈ کے قومی جمہوری اتحاد سے نکلنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو شکست دینے کے لئے سبھی سیاسی پارٹیوں کی متحد کرنے کی مہم میں نتیش کمار کے ساتھ ہیں۔
صحافیوں سے اس گفتگو میں ہندوستان کی مارکس وادی کمیونسٹ پارٹی کے رہنما سیتارام یچوری نے کہا مسٹر نتیش کمار کا بائیں بازو کی جماعتوں کے پاس آنا ایک اہم اور مثبت اشارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور آئین کو بچانے کے لئے حزب اختلاف کی سبھی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا۔