Sep ۱۶, ۲۰۲۲ ۱۴:۲۰ Asia/Tehran
  • کانگریس پارٹی کی  بھارت جوڑو یاترا

ہندوستان میں کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا ایک دن کے وقفے کے بعد جمعے کی صبح دوبارہ شروع ہوگئی ۔

ہندوستانی خبررساں اداروں کے مطابق کانگریسی رہنما راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہزاروں افراد نے جمعرات کو ایک دن آرام کیا اور جمعے کی صبح ریاست کیرالا کے پولیاتھوڈو جنکشن سے تین ہزارسات سو کلومیٹر سے زیادہ طولانی پیدل مارچ دوبارہ شروع کردیا۔

کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمان اور ترجمان جے رام رمیش کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا ایک دن کے آرام کے بعد، جمعے کی صبح چھے بج کر پینتالیس منٹ پر دوبارہ شروع ہوئی ۔ بتایا گیا ہے کہ جمعے کو بھی بھارت جوڑو یاترا میں ہزاروں افراد شامل ہوئے جو شام تک گیارہ کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق بھارت جوڑو یاترا میں شامل کانگریسی کارکن، مختلف سیاسی اور غیر سیاسی تنظیموں سے وابستہ افراد اور بڑی تعداد میں عوام نے جمعے کو ملے قدم، جڑے وطن کے نعروں کے ساتھ بھارت جوڑو یاترا میں اپنے سفر کا آغاز کیا۔

کانگریس پارٹی نے اس یاترا کا مقصد سماج میں پھیلائی گئی مذہبی منافرت کوختم کرکے، ہندوستانی عوام کو تقسیم کرنے کی سازش کو ناکام بنانا اور قومی یک جہتی کا تحفظ بتایا ہے۔

ٹیگس