عوام نے بی جے پی پر اعتماد کا اظہارکیا: نریندر مودی کا دعوی
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے دعوی کیا ہے کہ ملک کے عوام نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق اس ملک کے وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو گاندھی نگر میں بلدیہ کے سربراہوں کی کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ملک کے شہریوں نے طویل عرصے سے شہروں کی ترقی کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم عوام کے اس اعتماد کو برقرار رکھیں بلکہ اس میں اضافہ کریں۔
نریندر مودی نے اپنے خطاب میں سب کا ساتھ ، سب کا وشواس اور سب کا پریاس کا سلوگن دوہراتے ہوئے دعوی کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کا بقول ان کے یہ نظریاتی عمل، شہروں کی ترقی میں جھلکتا ہے۔
انھوں نے دعوی کیا کہ بی جے پی حکمرانی میں ترقی انسان پر مرکوز ہے ، زندگی میں آسانی اولین ترجیح ہے اور با معنی نتائج یقینی ہیں ۔
ہندوستان کے وزیراعظم نے یہ دعوی ایسی حالت میں کیا ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتیں ان کی حکومت پر مٹھی بھر سرمایہ داروں کے لئے کام کرنے اورساری سہولتیں چند بڑے سرمایہ داروں کے لئے فراہم کرنے اور مہنگائی اور کھانے پینے کی اشیا پر بھی جی ایس ٹی لگا کر عوام کے لئے زندگی مشکل بنادینے کا الزام لگاتی ہیں ۔