Sep ۲۰, ۲۰۲۲ ۱۹:۱۹ Asia/Tehran
  • کانگریس ترجمان کی پریس کانفرنس

کانگریس پارٹی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی پالیسیوں کو کسان مخالف قرار دیا ہے۔

 نئی دہلی سے  موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی  کانگریس پارٹی کی ترجمان سپریہ شری نیت نے منگل کو پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ بقول ان کے حکومت کی کسان مخالف پالیسیوں کی وجہ سے  زمینی صورتحال اتنی خراب ہوگئی ہے کہ ہر ایک گھنٹے میں ملک میں ایک کسان خودکشی کررہا ہے۔

 انھوں نے دعوی کیا کہ دو ہزار اکیس میں زراعت سے وابستہ دس ہزار آٹھ سو اکیاسی لوگوں نے خودکشی کی ۔

کاںگریس پارٹی کی ترجمان سپریہ شری نیت نے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے اعداد وشمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دو ہزار چودہ سے دو ہزار اکیس تک ترپن ہزار آٹھ سو اکیاسی سے زیادہ کسانوں نے خودکشی کی ہے۔

 انھوں نے کسانوں کی خودکشی کے لئے مودی حکومت کو جواب دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر کے ایک کسان دشرتھ لکشمن کیداری نے اپنے سوسائیڈ نوٹ میں مسٹر مودی کو اپنی خودکشی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

 انھوں نے کہا کہ کسانوں کی خودکشی بقول ان کے مودی حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے۔ 

ٹیگس