Sep ۳۰, ۲۰۲۲ ۱۲:۳۴ Asia/Tehran
  •  پی ایف آئی پر پابندی لگانے کے مودی حکومت کے فیصلے پر مایاوتی کی تنقید

ہندوستان کی بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے پیپلز فرنٹ آف انڈیا پر پابندی لگانے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کو سیاسی مفاد اور آرایس ایس کی خوشامد پر مبنی قرار دیا ہے۔

ہندوستان کی ریاست اتر پردیش کی سابق وزیراعلی اور بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایا وتی نے جمعے کو ایک بیان میں کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے ملک بھر میں پیپلز فرنٹ آف انڈیا کو کئی طرح سے نشانہ بنانے کے بعد بالآخر عام انتخابات سے پہلے اس پر اور اس کی آٹھ تنظیموں پر پابندی لگا دی ۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کا یہ فیصلہ سیاسی مفاد پر مبنی ہے جو آر ایس ایس کی خوشامد میں کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے اس فیصلے سے لوگوں میں اطمینان کم اور بے چینی زیادہ پائی جاتی ہے۔ بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ اور یوپی کی سابق وزیر اعلی مایا وتی نے کہا کہ پیپلز فرنٹ پر پابندی لگائےجانے کے بعد، حزب اختلاف کی جماعتوں کی طرف سے آر ایس ایس پر بھی پابندی کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔

یاد رہے کہ ہندوستان میں پی ایف آئی پر پابندی کے اعلان کے بعد سینیئر سیاستداں لالو پرساد سمیت متعدد رہنماؤں نے آر ایس ایس پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایا وتی نے  کہا ہے کہ اگر پی ایف آئی سے ملک کی سلامتی کو خطرہ ہے تو اس جیسی دوسری تنظیموں پر بھی پابندی کیوں نہیں لگائی جارہی ہے۔

ٹیگس