معمر افراد کا بین الاقوامی دن
دنیا کے مختلف ممالک میں معمر افراد کا بین الاقوامی دن
گزشتہ روز دنیا کے مختلف ممالک میں معمر افراد کا بین الاقوامی دن منایا گیا۔ ہرسال یکم اکتوبر کو معمر افراد کا بین الاقوامی دن منایا جاتا ہے البتہ ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش کے صدر مقام بھوپال میں معمر افراد کا بین الاقوامی دن ایک الگ ہی طریقے سے منایا گیا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: معمر افراد کا بین الاقوامی دن منانے کا مقصد معمر یا سن رسیدہ افراد کی تیزی سے بڑھتی آبادی اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل کی طرف لوگوں کی توجہ مبذول کرانا ہے۔
سن رسیدہ افراد کی آبادی دنیا میں بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ان کی آبادی میں سالانہ دو اعشاریہ چھ فی صد کا اضافہ ہورہا ہے جبکہ عالمی آبادی میں اضافے کی شرح صرف ایک اعشاریہ ایک ہے۔
معمر افراد کا بین الاقوامی دن ہر سال ایک نئے نعرے کے ساتھ منایا جاتا ہے اور اس سال کا نعرہ تھا، “بدلتی دنیا میں معمرافراد کا انعطاف”۔
دریں اثناہندوستان کے خبری ذرائع کی رپورٹ کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے صدر مقام بھوپال میں معمر افراد کے بین الاقوامی دن کے موقع پر معمر خواتین نے خالی تھالی اور سوکھی روٹی کے ساتھ احتجاج کیا۔
اطلاعات کے مطابق بھوپال میں معمر خواتین نے حکومت کی طرف سے ملنے والی 600 روپے ماہانہ پینشن کے خلاف مظاہرہ کیا۔ ان خواتین نے اپنے ہاتھوں میں خالی تھالی اور سوکھی روٹی لے رکھی تھی۔ یہ خواتین حکومت کی طرف سے چھ سو روپے ماہانہ دی جانے والی پینشن میں اضافہ کرکے اسے ایک ہزار روپے ماہانہ کرنے کا مطالبہ کر رہی تھیں۔