Oct ۱۰, ۲۰۲۲ ۱۹:۲۹ Asia/Tehran
  • دہلی میں مجاہدین آزادی ہند کی یاد میں تقریب

دہلی میں مجاہدین آزادی ہند کی یاد میں منعقدہ ایک پروگرام میں ملک سے نفرت کا ماحول ختم کرنے کے لئے مہاتما گاندھی کی عدم تشدد کی پالیسی پر چلنے کی اپیل کی گئی ۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت پریس کلب آف انڈیا میں وطن سماچار فورم کے زیر اہتمام مجاہدین آزادی کی یاد میں شاعری فیسٹیول منعقد ہوا ۔
اس فیسٹیول سے خطاب میں سیاستدانوں، صحافیوں اور دانشوروں نے قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی تقویت کے لئے رہبران آزادی کی تعلیمات بالخصوص مہاتما گاندھی کی عدم تشدد کی پالیسی پر عمل کی ضرورت پر زور دیا ۔
فیسٹیول سے خطاب میں معروف سیاستداں طارق انور نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی میں سبھی مذاہب اور مسالک سے تعلق رکھنے والوں نے قربانیاں پیش کیں ۔ اس سلسلے میں انھوں نے مہاتما گاندھی، پنڈت جواہر لال نہرو، مولانا ابوالکلام آزاد، مولانا شوکت، مولانا جوہرعلی ، بھگت سنگھ، اشفاق اللہ خان اور رام پرساد بسمل کی قربانیوں کا ذکر کیا ۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی نفرت کو امن و بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے استحکام سے ہی ختم کیا جاسکتا ہے۔
فیسٹیول سے خطاب میں ہندوستان کے اقلیتی کمیشن کے چیئر مین ذاکر منصوری، معروف صحافی قمر آغاز اور دیگر اہم شخصیات نے بھی گاندھی جی کے فلسفہ عدم تشدد پر عمل کرکے قومی یکجہتی کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔

ٹیگس