Oct ۱۲, ۲۰۲۲ ۰۲:۵۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: مساجد میں نماز کے ساتھ دیگر اہم امور کی انجام دہی کا فیصلہ، خاکہ تیار

ہندوستان کےشہر بھوپال کی مساجد کمیٹی نے مساجد سے نماز کے ساتھ ساتھ اہم سماجی امور کے لئے بھی استفادے کا فیصلہ کیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: اطلاعات کے مطابق ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش کے صدر مقام بھوپال کی مساجد کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اب مساجد سے سماجی اصلاحات کے لئے بھی استفادہ کیا جائےگا۔

بھوپال سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مساجد کمیٹی کے سکریٹری یاسر عرفات نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ رسول اکرمؐ  کے عہد میں مسجد نبوی سے ہی سبھی کام ہوتے تھے لیکن ہمارے یہاں کی مساجد سے نماز کے علاوہ اور کوئی کام نہیں کیا جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھوپال کی مساجد کمیٹی نے شہر قاضی، مفتی اور علمائے دین سے مشورہ  کرکے مساجد کو نماز کے ساتھ ساتھ اصلاح معاشرہ اور نالج سینٹر بنانے کا خاکہ تیار کیا ہے۔

مساجد کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ائمۂ مساجد نماز کے ساتھ ساتھ مسلم معاشرے میں دینی و عصری علوم کے فروغ  کے لئے نہ صرف خصوصی طور پر کام کریں گے بلکہ مسلم معاشرے سے سماجی برائیوں کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ ماحولیات کو پاک صاف بنانے کے لئے بھی کام کریں گے نیز جہیز کے بغیر شادی کے رواج اور اس کو آسان بنانے کی سمت بھی کام کیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق مساجد کمیٹی کے ذریعہ بھوپال علاقے کی تمام مساجد کے لئے ہر جمعہ کو ایک خطبہ جاری کیا جائے گا اور سبھی مساجد میں ایک ہی خطبہ پڑھا جائے گا نیز یہ خطبہ عصری مسائل پر مشتمل ہوگا۔ اصلاح معاشرہ کے سلسلے میں سبھی ائمہ و مؤذنین کو تربیت دی جائے گی تاکہ مسلم سماج سے برائیوں کا خاتمہ ہو اور مثالی معاشرہ قائم کیا جاسکے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق مساجد کمیٹی کے ذریعہ سماج میں بڑھتی نشہ خوری اور ماحولیاتی آلودگی کو روکنے اور تعلیم کے فروغ کے لئے خصوصی مہم شروع کر دی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق مذکورہ کمیٹی نے گزشتہ ہفتے پری میرج کونسلنگ (شادی سے پہلے کی مشاورت) شروع کی تھی جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پری میرج کونسلنگ کے بعد بہت سے لوگوں نے شادی کی غلط رسم و رسومات کو چھوڑ دیا ہے۔

 

ٹیگس