ماضی کی حکومتوں پر مینوفیکچرنگ سیکٹر کو نظرانداز کرنے کا الزام
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ماضی کی حکومتوں پر مینوفیکچرنگ سیکٹر کو نظرانداز کرنے کا الزام لگایا ہے۔
سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق مسٹر مودی نے اتوار کو وڈودرا میں ملک کے پہلے مقامی طیارہ سازی پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت کی کوششوں سے ہندوستان مینوفیکچرنگ کا مرکز بننے جاررہا ہے ۔ انھوں نے ماضی کی حکومتوں پر اس شعبے کو نظرانداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے کام کے کلچر اور فکر کو تبدیل کردیا ہے اور مینو فیکچرنگ شعبے پر زیادہ توجہ دی ہے جس کا نجی شعبے کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے ۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ آج ملک نئی ذہنیت اور ورک کلچر کے ساتھ کام کررہا ہے ۔ مسٹر مودی نے ماضی کی حکومتوں پر ورک کلچر کے حوالے سے ایسی حالت میں تنقید کی ہے کہ حزب اختلاف کی جانب سے ان کی حکومت پر سب سے بڑا الزام یہ ہے کہ موجودہ بی جے پی حکومت کی پالیسیاں کا محور کارپوریٹ طبقے اور اپنے چند بڑے سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانا ہے اور اسی مقصد کے تحت کے مسٹر مودی کی حکومت سرکاری زمرے کے بڑے بڑے کارخانوں کو نجی شعبے کے حوالے کر رہے ہیں۔