Nov ۱۷, ۲۰۲۲ ۱۷:۳۲ Asia/Tehran
  • بھارت جوڑو یاترا، ملک کو جوڑنے کی ایک سوچ: راہل گاندھی

ہندوستان میں کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا کو راہل گاندھی نے ملک کو جوڑنے کی ایک سوچ اور سفر قرار دیا ہے۔

ہندوستان میں کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا کے قائد راہل گاندھی نے ریاست مہاراشٹرا کے علاقے ودربھ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ملک میں نفرت اور تعصب کے ذریعے ملک کو توڑنے کی سوچ پھیلائی جارہی ہے جس کے مقابلے میں کانگریس پارٹی نے اس یاترا کے ذریعے آپسی محبت اور بھائی چارے کے ذریعے ملک کو جوڑنے کی فکر پیش کی ہے۔انھوں نے کہا کہ منافرت اور تعصب سے ملک کمزور ہوتا ہے اور محبت و بھائی چارہ ملک کو مضبوط کرتا ہے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ کثرت میں وحدت ہندوستان کی شناخت اور اسی شناخت کو باقی رکھنے کے لئے کانگریس پارٹی نے کنیاکماری سے کشمیر تک بھارت جوڑو یاترا شروع کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کی اس یاترا کا مقصد ملک کو جوڑنا اور محبت و بھائی چارے کا پیغام دینا ہے ۔ انھوں نے اپنی یاترا پر بی جے پی حکومت کے اس اعتراض کا جواب دیتے ہوئے کہ جب بھارت ٹوٹا ہی نہیں تو اس کو جوڑنے کا کیا مطلب ہے؟ کہا کہ گزشتہ آٹھ برس میں ملک کی فضا مکمل طور پر تبدیل ہوچکی ہے، اپوزیشن کو پارلیمنٹ میں بولنے نہیں دیا جاتا، عوام کی آواز نہیں سنی جاتی، تعصب، تشدد اور منافرت پھیلا کر عوام کو خوف کے سائے میں رکھا جارہا ہے اور ہندوستانی سماج کو تقسیم کرنے کی پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا تامل ناڈو کے علاقے کنیا کماری سے شروع ہوئی اور مختلف ریاستوں سے ہوتے ہوئے اب مہاراشٹرا سے گزر رہی ہے ۔ اس یاترا کا مقصد ہندوستانی سماج میں پھیلائی گئی نفرت کو ختم کرکے بھائی چارے  کی فضا کو مضبوط کرنا بتایا گیا ہے۔

ٹیگس