دہشت گردی سے بلا امتیاز نمٹنے پر زور
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے دہشت گردی کو انسانیت کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔
نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے"دہشت گردی کے لئے کوئی پیسہ نہیں" کے زیر عنوان منعقدہ تیسری بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ بین الاقوامی برادری کو دہشت گردی کے خلاف صفر برداشت کا رویہ اپنانا چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان میں اس کانفرنس کے انعقاد کی اہمیت یہ ہے کہ خود اس ملک کو کئی دہائی سے دہشت گردی کا سامنا ہے۔
ہندوستان کے وزیراعظم نے دہشت گردی کو انسانیت کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے غریب عوام اور مقامی معیشت پر دور رس اثر پڑتا ہے اور لوگوں کی روزی روٹی کے راستے بند ہوجاتے ہیں ۔
نریندر مودی نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ دہشت گردوں تک رقوم پہنچنے کے ذرائع کا پتہ لگا کر ان پر پابندی لگائی جائے ۔ انھوں نے کہا کہ بعض ممالک دہشت گردی کو اچھی اور بری میں تقسیم کرتے ہیں اور اس طرح وہ بالواسطہ دہشت گردی کی حمایت کرتے ہیں ۔ اگرچہ ہندوستان کے وزیر اعظم نے کسی ملک کا نام نہیں لیا لیکن امریکا ان ممالک میں سر فہرست ہے جو دہشت گردوں کو اچھے اور برے میں تقسیم کرتے ہیں۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نے کسی ملک کا نام لئے بغیر کہا کہ دہشت گردی کی حمایت بعض ممالک کی خارجہ پالیسی کا حصہ ہے ۔ انھوں نے کہا کہ عالمی برادری کو کسی اگر مگر کے بغیر دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنانی چاہئے۔