دہلی میں بھیانک آتشزدگی
دہلی کی سب سے بڑی الیکٹرانک مارکیٹ، بھاگی رتھ پیلس میں جمعرات کی رات آگ لگ گئی۔
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کے چاندنی چوک علاقے کی بھاگی رتھ الیکٹرانک مارکیٹ میں جمعرات کی رات زبردست آگ لگ گئی۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ آگ رات کے نو بجے کے قریب لگی اور کچھ ہی دیر میں ہر طرف دھویں اور غبار کی حکمرانی ہوگئی ۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور جمعے کی صبح تک آگ بجھانے کی کارروائیاں جاری رہیں ۔
دہلی فائر سروس کے ڈائریکٹر نے جمعے کی صبح صورتحال کو بہت خراب بتایا۔ انھوں نے کہا کہ آگ بجھانے کی کارروائی میں فائر بریگیڈ کی چالیس گاڑیاں کام کر رہی تھیں لیکن عمارت کا زیادہ تر حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
ہندوستانی میڈیا ذرائع نے بتایا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ سے عمارت کی دو منزلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں ۔ بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ عمارت، آہستہ آہستہ گر رہی ہے۔ اس واقعے میں جانی اور مالی نقصانات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
آخری اطلاع ملنے تک آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تھی۔