راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا جاری
کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا، ریاست مدھیہ پردیش میں جمعے کو تیسرے دن بھی جاری رہی۔
ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق مدھیہ پردیش میں راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا نے اپنے تیسرے دن کا سفر اس ریاست کے علاقے کھیردا سے کیا ۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سخت سردی کے باوجود راہل گاندھی نے صبح سویرے ہی اپنا پیدل مارچ شروع کیا ۔
مدھیہ پردیش میں راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے تیسرے دن کے سفر میں بھی ان کی بہن اور کانگریس پارٹی کی قومی جنرل سیکریٹری پریانکا گاندھی، اپنے شوہر رابرٹ واڈرا کے ہمراہ شامل رہیں ۔ میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سخت سردی کے باوجود بھارت جوڑو یاترا میں لوگوں کی بھیڑ میں کمی نہیں آئی ۔
مدھیہ پردیش میں راہل گاندھی پر حملے کی دھمکی کے پیش نظر بھارت جوڑو یاترا کی حفاظت کے انتظامات بڑھا دیئے گئے ہیں ۔ راہل گاندھی نے کنیا کماری سے سری نگر تک کی، تین ہزار سات سو پچاس کلومیٹر کی پیدل بھارت جوڑو یاترا کا آغاز، ہندوستانی سماج سے نفرت ختم کرکے آپسی بھائی چارہ قائم اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مضبوط بنانے، سماج کو تقسیم کرنے کی سازش کو ناکام بنانے کے عنوان سے کیا ہے۔