بی جے پی پر کیجریوال کے قتل کی سازش کا الزام
ہندوستان کی عام آدمی پارٹی نے بی جے پی پر پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال کے قتل کی سازش کا الزام لگایا ہے۔
ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا نے جمعے کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ریاست گجرات اور دہلی کارپوریشن ہاتھ سے نکل جانے کے خوف میں مبتلا بھارتیہ جنتا پارٹی نے، بقول ان کے، اروند کیجریوال کے قتل کی سازش تیار کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی ایم پی، منوج تیواری اروندکیجریوال کو کھلے عام قتل کی دھمکی دے رہے ہیں اور حکومت ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی ہے ۔
انھوں نے کہا کہ منوج تیواری کو گرفتار کرکے پوچھنا چاہئے کہ اروند کیجریوال کے قتل کی سازش کے بارے میں وہ کیا جانتے ہیں ۔ دہلی کے نائب وزیر اعلی نے کہا کہ اروند کیجریوال پر حملہ ہوسکتا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ منوج تیواری کو کیسے پتہ چلا کہ ان پر حملہ کیا جاسکتا ہے۔