Dec ۰۱, ۲۰۲۲ ۱۸:۱۶ Asia/Tehran
  • بی جے پی حکومت پر ملک توڑنے کی کوشش کا الزام

کانگریس پارٹی کے سینیئر رہنما جے رام رمیش نے مودی حکومت پر ملک کو ٹوٹنے کے دہانے پر پہنچا دینے کا الزام لگایا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: کانگریس پارٹی کے سینیئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر جے رام رمیش نے جمعرات کو ریاست مدھیہ پردیش کے شہراجّین میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مرکزی حکومت کی نیت اور پالیسیوں کی وجہ سے ملک ٹوٹنے کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت کی غلط پالیسیوں ، سماجی پولرائزیشن اور سیاسی آمریت کے نتیجے میں ملک کے ٹوٹنے کے خدشات بڑھتے جارہے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ اسی خدشے کی وجہ سے کانگریس پارٹی کو راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا نکالنا پڑی ہے۔ انھوں نے بھارت جوڑو یاترا کے بارے میں بتایا کہ راجستھان اور ہریانہ سے ہوتے ہوئے یاترا چوبیس دسمبر کی شام تک دہلی پہنچے گی اور چند روز دہلی میں رہنے کے بعد اتر پردیش ، ہریانہ اور پنجاب سے ہوتے ہوئے جموں و کشمیر پہنچے گی ۔

دوسری طرف بھارت جوڑو یاترا کے قائد راہل گاندھی نے بی جے پی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے عوام مہنگائی سے پریشان ہیں لیکن وزیراعظم نریندر مودی بقول ان کے عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمت نیچے آنے کے باوجود عوام کو راحت پہنچانے کے لئے کچھ نہیں کررہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چھے مہینے میں عالمی منڈی میں تیل پچیس فیصد سستا ہوا اور ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت دس روپے فی لیٹر کم کی جاسکتی تھی لیکن حکومت نے ایک روپے کی بھی کمی نہیں کی۔

ٹیگس