Dec ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۳:۵۳ Asia/Tehran
  • بھارت جوڑو یاترا ریاست راجستھان میں داخل

کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا ریاست راجستھان میں داخل ہوگئی ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا اتوار کی رات میدھیہ پردیش کا مرحلہ مکمل کرنے کے بعد راجستھان میں داخل ہوگئی ۔
ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطاہق راجستھان میں بھارت جوڑو یاترا کا شاندار استقبال کیا گیا۔ یاترا کا استقبال کرنے والوں میں، ریاست کے وزیر اعلی اشوک گہلوت ، سابق نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ، ریاستی کانگریس پارٹی کے صدر گووند سنگھ ڈوٹاسراور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی دگ وجے سنگھ سمیت سینیئر کانگریسی رہنما بھی شامل تھے ۔
رپورٹوں کے مطابق بھارت جوڑو یاترا کے قائد راہل گاندھی نے راجستھان کے ضلع جھالواڑ میں ایک جلسے سے خطاب میں ایک بار پھر ساورکر پر سخت حملے کئے ۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس مہاتما گاندھی کی پارٹی ہے ساورکر یا گوڈسے کی نہیں۔
انھوں نے اپنی تقریر میں مرکز کی بی جے پی حکومت ، بھارتیہ جنتا پارٹی اور آرایس ایس کے نظریات پر سخت حملے کئے اور بھارت جوڑو یاترا کے مقاصد پر روشنی ڈالی ۔

اس موقع پر وزیر اعلی اشوک گہلوت نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام جس طرح اس یاترا سے متاثر ہورہے ہیں، اس سے مرکز کی بی جے پی حکومت کو ہوشیار ہوجانا چاہئے۔ انھوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک میں امن اور ہم آہنگی کی فضا قائم کی جائے ، مہنگائی کو کنٹرول کیا جائے اور بے روزگاری کم کی جائے ۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے راہل گاندھی کی قیادت میں یہ یاترا ایسے وقت میں شروع کی ہے جب ملک بقول ان کے انتہا پسندی کا شکار ہے اور مرکزی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے جو ماحول پیدا ہوا ہے اس سے سبھی پریشان ہیں ۔انھوں نے کہا کہ یہ یاترا بھارت کو جوڑنے کا کام کررہی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کانگریس پارٹی نے بھارت جوڑو یاترا کا مقصد سماج میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور آرایس ایس کی پھیلائی ہوئی نفرت کو ختم کرنا، ان کی مذہبی منافرت پھیلا کر سماج کو تقسیم کرنے کی پالیسیوں کو ناکام بنانا اور آپسی بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مضبوط بنانا بتایا ہے۔

ٹیگس