Dec ۱۵, ۲۰۲۲ ۱۰:۰۲ Asia/Tehran
  • مولانا آزاد نیشنل فیلو شپ کو ختم نہیں کیا جائے گا: ہندوستانی وزیر خزانہ

ہندوستان کی مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نےاقلیتی طلبا کے لئے مولانا آزاد نیشنل فیلو شپ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اسے ختم نہیں کیا جائے گا اور اس سلسلے میں کوئی تشویش نہ پھیلائی جائے۔

 

سحر نیوز/ہندوستان: نرملا سیتا رمن نے بدھ کے روز لوک سبھا میں خطاب کے دوران منریگا، این پی اے اور جی ایس ٹی پر اپوزیشن کے سوالوں کا بھی جواب دیا اور ان کی باتوں کو گمراہ کن اور بے بنیاد الزامات قرار دیا۔

ہندوستان کی مرکزی وزیر خزانہ نے دوہزار بائس تیئس کے لئے ساڑھے تین لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کے ضمنی گرانٹ کے مطالبات کی پہلی فہرست پر لوک سبھا میں بحث کے دوران اپوزیشن کی طرف سے لگائے گئے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امداد جاری رہے گی، یہ اسکیم کینرا بینک کے ذریعہ چلائی جارہی ہے اور بینک اس سلسلے میں فائدہ اٹھانے والے طلباء کو ای میل کے ذریعہ اطلاعات بھیج رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ یہ اسکیم دوہزار نو میں شروع کی گئی جس کے تحت اقلیتی فہرست میں درج برادریوں مسلم، بدھ، عیسائی، جین، پارسی اور سکھ طلبا کو ایم فل اور پی ایچ ڈی کی تعلیم کے مقصد سے پانچ سال کے لیے مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔

آل انڈیا اسٹوڈینٹس ایسوسی ایشن (اے آئی ایس اے) اور کچھ دیگر تنظیموں نے اس ہفتے کے شروع میں دہلی میں اسکیم میں مبینہ ترامیم کے خلاف احتجاج کیا تھا۔

ہندوستانی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ جو بھی طلبا اس وقت مولانا آزاد نیشنل فیلو شپ حاصل کر رہے ہیں وہ مقررہ وقت تک یہ اسکالرشپ حاصل کرتے رہیں گے۔

ٹیگس