Dec ۲۰, ۲۰۲۲ ۱۸:۲۷ Asia/Tehran
  • ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں شدید ہنگامہ

ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی اور حزب اختلاف کانگریس کے درمیان زبردست نعرے بازی اور زبانی نوک جھونک ہوئی۔

سحر نیوز/ ہندوستان: نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق منگل کو راجیہ سبھا میں بی جے پی کے اراکین نے کانگریسی صدر ملک ارجن کھڑگے کے ایک بیان پر شدید ہنگامہ کیا ۔ یہ بیان ملک ارجن کھڑگے نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران راجستھان کے ضلع الور میں دیا تھا۔
راجیہ سبھا میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اراکین نے ان کے اس بیان پر شدید ہنگامہ کیا اور ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق راجیہ سبھا کی کارروائی شروع ہوتے ہی بی جے پی اراکین، اپنی نشستوں سے کھڑے ہوگئے اورملک ارجن کے بیان پر اعتراض اور ہنگامہ شروع کردیا۔
اس کے جواب میں کانگریس پارٹی کے اراکین نے بھی بی جے پی کے خلاف نعرے بازی شروع کردی ۔ کانگریس صدر کھڑگے نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے دوران انھوں نے جو تقریر کی تھی وہ ایوان سے باہر تھی۔ انھوں نے پیوش گوئل کے مطالبے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کے دوران جن لوگوں نے انگریزوں سے معافی مانگی تھی وہ آزادی کی جنگ لڑنے والوں سے معافی کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے ہمیشہ ملک کو متحد رکھنے کے لئے قربانیاں دی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزرائے اعظم اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی دونوں نے ملک کی خاطر اپنی جانیں دیں آپ میں سے کتنے لوگوں نے ملک کی یکجہتی کے لئے جان دی ہے۔

ٹیگس