لوک سبھا میں حزب اختلاف کے ہنگامے کے باعث معمول کی کارروائی متاثر
ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں حزب اختلاف کے ہنگامے کے باعث معمول کی کارروائی بدھ کو متاثر ہوئی ۔
سحر نیوز/ ہندوستان: پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں حزب اختلاف کے اراکین نے سرحد پر چین کے ساتھ جاری تنازعے اور بعض دیگر موضوعات پر بحث کا مطالبہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق اسپیکر اوم برلا نے جیسے ہی کارروائی شروع کی اور وقفہ سوالات کا اعلان کیا ، حزب اختلاف کے اراکین اپنی نشستوں سے کھڑے ہوگئے اور چین کے ساتھ تنازعے کے مسئلے میں حکومت کے طرزعمل کو قابل اعتراض بتاکر نعرے بازی شروع کردی ۔
حزب اختلاف کے اراکین نے اسپیکر سے چین کے ساتھ ملنے والی سرحد کی صورتحال اور ملک کے درپیش دیگر اہم مسائل پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا ۔
حزب اختلاف کے اراکین نے چین کے ساتھ کشیدگی کو قومی سلامتی کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو بتانا چاہئے کہ وہ اتنے اہم مسئلے پر بحث کرانے سے کیوں بھاگ رہی ہے۔