Dec ۲۵, ۲۰۲۲ ۱۷:۴۵ Asia/Tehran
  • علامہ اقبال کی نظم پڑھنے پر شدت پسند ہندوؤں کا احتجاج، ہیڈ مسٹریس معطل، ٹیچر کو جیل

ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے ایک سرکاری اسکول میں شاعر مشرق علامہ اقبال کی مشہور نظم، لب پہ آتی ہے دعا، پڑھنے پر اسکول کی  صدر مدرس کو معطل اور ایک ٹیچر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع بریلی میں ایک معلم (شکشا متر/ پیرا ٹیچر) وزیرالدین کو ایک سرکاری اسکول میں مبینہ طور پر مدرسہ میں پڑھائی جانے والی نظم کی طرح ایک نظم پڑھنے کی اجازت دینے کے الزام میں ہفتے کو گرفتار کرلیا گیا۔ اس سے پہلے معلم کو ملازمت سے برخاست کردیا گیا تھا۔ اسکول کی صدر مدرس ناہید صدیقی کو پہلے ہی معطل کردیا گیا ہے۔ مذکورہ اسکول ضلع بریلی کے شہر فریدپور میں واقع ہے۔

اطلاعات کے مطابق جمعہ کو پولیس نے شدت پسند ہندو تنظیم وی ایچ پی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے بعد اسکول میں اردو نظم پڑھنے پر عملے کے بیانات درج کئے تھے۔ ایس پی (دیہات) راج کمار اگروال نے بتایا کہ وزیر الدین کو ہندوؤں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وی ایچ پی کے کچھ مقامی افراد نے ٹیچر اور صدر مدرس پر ہندو اکثریتی علاقے میں لوگوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق مذکورہ اسکول کا ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوا ہے جس میں طالب علم، میرے اللہ برائی سے بچانا مجھ کو" پڑھتے نظر آ رہے ہیں۔ یہ نظم شاعر مشرق علامہ اقبال کی مشہور نظم "بچے کی دعا" ہے جو ہندوستان کے بہت سے اسکولوں میں اسمبلی کے دوران اجتماعی طور پر پڑھی جاتی ہے۔

 

ٹیگس